اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آلودگی میں سر فہرست

پیر کے روز بھی لاہور 218پوائنٹس کے مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست رہا جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں فضائی آلودگی کی شرح 1063 پوائنٹس تک جا پہنچی۔ یہ صورتحال واضح کرتی ہے کہ سموگ کے تدارک کیلئے کیے جانیوالے اقدامات ناکافی ہیں۔ لاہور کے علاوہ ملتان‘ شیخوپورہ‘ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ ساہیوال اور دیگر شہروں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے۔ حکومت انسدادِ سموگ کیلئے ایس او پیز تو جاری کرتی ہے مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا ۔ صوبائی حکومت کی جانب سے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی اور اس پر سختی سے عمل درآمد کے باوجود فضا میں آلودگی کی مقدار سابقہ برسوں سے کم نہیں ہو سکی اورہوا میں آلودگی کے انتہائی خطرناک ذرات (PM2.5) کی مقدار عالمی ادارۂ صحت کے مقرر کردہ معیار سے تقریباً آٹھ گنا بڑھ چکی ہے۔

حکومت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سموگ محض ایک موسمی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی صحت اور آنیوالی نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ اسکے تدارک کیلئے جامع اور طویل مدتی حکمت عملی بنانے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے جس میں ٹریفک‘ صنعت‘ زراعت اور شہری انتظام کے تمام شعبوں کو شامل کیا جائے۔ اگر گاڑیوں اور دیگر اقسام کے دھوئیں میں کمی کیلئے مناسب اقدامات نہیں کیے جاتے اور ایندھن اور ٹائروں کے ربڑ کا معیار عالمی معیار کے مطابق مقرر نہیں کیا جاتا تو فضا میں جان لیوا آلودگی میں مؤثر کمی کیونکر ممکن ہے۔=

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں