لاہور : بارش سے میٹرو بس سٹیشن نالے میں تبدیل سڑکوں پر سیلابی مناظر

لاہور : بارش سے میٹرو بس سٹیشن نالے میں تبدیل سڑکوں پر سیلابی مناظر

قرطبہ چوک میٹرو سٹیشن 10گھنٹے بعد بھی جھیل کا منظر پیش کرتا رہا، نکاسی آب کا کوئی انتظام نہیں ، بچے کاغذ کی کشتیاں چلاتے رہے

لاہور(نامہ نگار ، اپنے نمائندہ سے ، کامرس رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں ) لاہور میں موسلا دھار بارش سے شہر کے نشیبی علاقے ندی نالوں میں تبدیل ہو گئے ، کئی علاقوں میں بارش کا پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا ۔ چھتیں ، سائن بورڈ گرنے اور کرنٹ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے ، شاہراہوں پر کھڑے پانی میں گاڑیاں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ،لیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام گھنٹوں معطل رہا ۔ تفصیلات کے مطابق تیز بارش کے باعث میٹرو بس سٹیشن،بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی سمیت مارکیٹوں اور شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں ،بارش سے کھڑے پانی نے لاہور میں ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم کر دیا ۔ بارش نے ملک کی تاریخ کے سب سے مہنگے منصوبے میٹرو سٹیشن کو بھی پانی پانی کر دیا، میٹرو زیر زمین سٹیشن میں بچے کاغذ کی کشتیاں چلاتے اور نہاتے رہے ، قرطبہ چوک میٹرو سٹیشن بارش ہونے کے دس گھنٹے بعد بھی کسی جھیل کا منظر پیش کرتا رہا،دنیا نیوز کی بار بار نشاندہی کے باوجود متعلقہ حکام کو نو گھنٹے بعد ہوش آیا ،زیر زمین سٹیشن سے ایک پمپ کے ذریعے پانی نکالا جاتا رہا جو ناکافی تھا۔ رات نو بجے بھی سٹیشن میں پانی جوں کا توں موجود تھا ۔لاری اڈا اوروہاں موجود ایڈمنسٹریٹر آفس بھی پانی میں ڈوب گیا جس کے باعث آڑھتیوں کو سبزی و فروٹ لانے و لیجانے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ،لاہور کی متعدد چھوٹی وبڑی مارکیٹوں میں پانی کھڑا ہونے سے کاروبار نہ ہونے کے برابر رہا ۔سب سے زیادہ پانی شاد باغ مارکیٹ ،مصری شاہ ، لوہا مارکیٹ ،وسن پورہ بازار ،چاں میراں بازار ،لکشمی چوک ،باغبانپورہ بازار ،دھرم پورہ ،سمن آباد ،عابد مارکیٹ ،ہال روڈ ،بیڈن روڈ ،انار کلی ،اردو بازار ،سمیت دیگر مارکیٹوں میں کھڑا رہا ۔ موسلا دھار بارش کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے ، جس کے نتیجے میں شہر کے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر ٹاؤن شپ، فیروزپور روڈ، ملتان روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں کے صارفین نے لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔واسا نے نکاسی آب کے آپریشن کو 6 گھنٹوں میں مکمل کیا۔واسا انتظامیہ کے مطابق ساون کی تیز ترین بارشوں کا سلسلہ چار روز وقفے وقفے سے جاری ہے اس دوران تقریباً لاہور میں 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے ۔بارش سے ریلوے ہیڈ کوارٹر کے ریزرویشن آفس کے باہر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹکٹوں کے حصول کے لئے آنے والے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ریلوے سٹیشن کی چھت بھی ٹپکتی رہی ۔جڑواں شہروں اسلام آباد ،راولپنڈی اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں کی آبادیوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ لاہور بارشیں

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں