سٹاک ایکسچینج حملہ، دہشتگرد قندھار سے ہدایت لیتے رہے

سٹاک ایکسچینج حملہ، دہشتگرد قندھار سے ہدایت لیتے رہے

فون کا ڈیٹا حاصل کرلیاگیا،2بار بلوچستان ، افغانستان کالز کیں،شوروم پرچھاپہ،8مشتبہ افراد گرفتار ایک دہشتگرد پہلے سے موجودتھا،تین حب کے راستے آئے ، تفتیشی ذرائع‘تین دہشتگردوں کی شناخت

کراچی (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی،دہشتگردوں کے موبائل فون سے 10روز کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ۔ انہوں نے حملے سے قبل دو بار افغانستان رابطہ کیا ، وہ قندھار سے ٹیلی فون پر ہدایات لیتے رہے ۔ تحقیقاتی اداروں نے دعویٰ کیا کہ دہشتگردوں نے ڈسٹرکٹ سنٹرل میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی۔ 8مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ۔ تفتیشی ٹیم کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ 4 میں سے ایک دہشتگرد کراچی میں ہی موجود تھا، 3 دہشتگرد حب کے راستے کراچی آئے ۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں موجود ایک دہشتگرد نے 2 سہولت کاروں کے ساتھ حملے کی پلاننگ کی ،حملہ آور 4 روز قبل پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مکمل ریکی کر چکے تھے ، جس کی مزید تصدیق کے لیے آئی آئی چندریگر روڈ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی باریک بینی سے چھان بین کی جا رہی ہے ۔ تفتیشی ٹیم کے ذرائع نے بتایا کہ تفتیش میں انکشاف ہواہے کہ دہشتگردوں کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ حملے سے قبل افغانستان کے شہر قندھار سے بھی دہشتگردوں کو ہدایات ملتی رہی ہیں ،دہشتگردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون سے بھی بلوچستان اور افغانستان میں کالز کی گئی تھیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ دہشتگردوں سے رابطے میں رہنے والے 8 افراد جو ڈسٹرکٹ سنٹرل کے رہائشی ہیں انہیں تحقیقاتی ٹیم نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔سکیورٹی اداروں نے نیو ٹائون کے علاقے میں دہشتگردوں کی جانب سے خریدی گئی کار کے شو روم پر چھاپہ مارا ، چھاپے کے دوران شو روم کے مالک سے تفصیلی پوچھ گچھ کی گئی۔ نادرا کے فنگر پرنٹس ڈیٹا سے تین دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ۔ان کی شناخت سلمان، تسلیم بلوچ اور سراج کے ناموں سے ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں