کراچی:چھاپہ مار کارروائیاں، بھتہ خور سمیت 25 گرفتار
حیدری، یوسف پلازہ، ڈالمیا و دیگر علاقوں سے 17 ملزمان پکڑے گئے ,رینجرز نے گلبہار سے بھتہ خور گروپ کے 4 کارندوں کو دھر لیا
کراچی (سٹاف رپورٹر) پولیس اور رینجرز نے شہر میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران بھتہ خور سمیت 25 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گلبہار میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور گروپ کے 4 کارندوں کو حراست میں لے لیا۔ ملزمان نے رواں ماہ 19 جنوری کو تاجر کو 25 لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھجوائی تھی اور اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ سولجربازار پولیس نے 30 سے زائد ڈکیتیوں اور ڈکیتی کے دوران قتل و اقدام قتل میں مفرور ملزم ارشد کو دھر لیا۔ عزیز بھٹی پولیس نے ڈالمیا میں ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم فیصل عرف فقیرا کو پکڑ لیا۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کر کے ایک کلو گرام سے زائد چرس،اسلحہ و گٹکا برآمد کر لیا۔ جیکسن پولیس نے منشیات فروش لال خان عرف لالو ،محمد صادق اور اسٹریٹ کرمنل شاہ زیب کو دھر لیا۔ حیدری مارکیٹ پولیس نے منشیات فروش یوسف عرف وڈیرہ کو پکڑ لیا۔ مبینہ ٹاؤن پولیس نے 4 ملزمان ،کلاکو ٹ پولیس نے موٹرسائیکل چور،مومن آباد پولیس نے 2 ملزمان، یوسف پلازہ پولیس نے ایک ملزم، گڈاپ سٹی سے پولیس نے موٹرسائیکل چور کو دھرلیا۔عزیزبھٹی پولیس نے ملزم فیصل عرف فقیرا کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزم کی گزشتہ روز ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔