کراچی :فارم ہاؤس پارٹی پر چھاپہ ، 7 لڑکیوں سمیت 19 گرفتار
فارم ہاؤس کرائے پر دینے والے مالک اور منیجر رشوت دے کر رہا ، ذرائع اہم شخصیت کا بیٹا بھی شامل، تمام افراد عدالت میں پیش ، ضمانت منظور
کراچی (سٹاف رپورٹر)گڈاپ پولیس نے فارم ہاؤس میں ہونے والی ڈانس پارٹی پر چھاپہ مارکر 7 لڑکیوں سمیت 19 افراد کو گرفتار کرکے حقہ ، شیشہ ، تمباکو اور دیگر ممنوعہ سامان برآمد کرلیا ،پولیس نے فارم ہاؤس کرائے پر دینے والے مالک اور منیجرکو مبینہ طور پر رشوت لے کر رہا کردیا ،گرفتار افراد میں اہم شخصیت کا بیٹا بھی شامل، تمام افراد کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد رہا کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک فارم ہاؤس پر ڈانس پارٹی ہورہی ہے جس پر پولیس نے فارم ہاؤس کو چاروں طرف سے گھیرے میں لینے کے بعد 7 خواتین سمیت 19 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے حقہ ، شیشہ اور دیگر ممنوعہ چیزیں برآمد کرلیں ۔پولیس کے مطابق تمام افراد کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کررہے تھے ، ان کے خلاف دفعہ 188 اور 269 لگاکر گرفتار کیا گیا۔ ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ پولیس نے فارم ہاؤس کرائے پر دینے والے مالک اور منیجر کو گرفتار نہیں کیا بلکہ انہیں مبینہ طور پر بھاری رشوت لے کر رہا کردیا ، گرفتار افراد کا کہنا ہے اگر فارم ہاؤس کا مالک اور منیجر فارم ہاؤس کرائے پر دینے سے منع کردیتے اور اطلاع دیتے کہ حکومت کی جانب سے فارم ہاؤس بند ہے تو وہ اسے بک نہیں کراتے ، اتوار کی صبح گڈاپ پولیس نے گرفتار لڑکیوں سمیت 19 افراد کو عدالت میں پیش کیا ، عدالت نے تمام افراد کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کردیا ، ایک پولیس افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پکڑے گئے افراد میں ایک اہم شخصیت کا بیٹا بھی شامل تھا ،جس نے گرفتاری کے وقت شور شرابہ بھی کیا تھا اور اپنے تعلقات استعمال کرتے ہوئے پولیس پارٹی کو معطل کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا رہا، پکڑی گئیں لڑکیاں اور لڑکے نشے میں دھت اور ڈانس کررہے تھے ، پولیس افسر نے مزید بتایا کہ لڑکیاں شراب کے ساتھ ساتھ آئس اور شیشہ پینے میں مشغول تھیں، لڑکیوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں اور لڑکے یونیورسٹی اور کالجز کے اسٹوڈنٹ ہیں، فارم ہاؤس پر بڑے بڑے اسپیکر ، ساؤنڈ سسٹم ، لگائے گئے تھے جبکہ باربی کیو کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔