آرمی چیف اپنے ،ہم اپنے ادارے کو ٹھیک کرینگے :جسٹس منصور
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ سنا ہے کہ نئے آرمی چیف بہت پروفیشنل ہیں، امید ہے کہ آرمی چیف اپنے ادارے کو ٹھیک کریں گے ، ہم اپنے ادارے کو ٹھیک کریں گے ۔
کراچی بار کے عشائیے سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں ججوں کی تعیناتی سنیارٹی کی بنیاد پر ہونی چاہیے ، جوڈیشل کمیشن کو سنیارٹی اور اہلیت پر ججوں کو تعینات کرنا چاہیے ، اس وقت ہمیں جوڈیشل کمیشن کے ججوں کی نامزدگی کے رولز کو ٹھیک کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے ہم سب کو مل کر پلان بنانا چاہیے ، اس کیلئے مستقبل کی بات کرنا ہو گی، ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہو گا، کوئی بھی ملک انصاف کے بغیر آگے نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا ہوگا، سوموٹو کا استعمال بھی دھیان سے کرنا چاہیے ، ہم لوگ آئین و قانون کے محافظ ہیں، ملک میں عدالتی ون مین شو نہیں چلنا چاہیے ، عدالتوں میں کئی سالوں سے کیسز زیر التوا ہیں، عدلیہ کو دس سال کی پلاننگ کرنا ہو گی، اس وقت ہماری کوئی پلاننگ ہی نہیں ہے ،ادارے کو سیاست سے پاک رکھیں۔