ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت 97 لا افسر عہدوں سے فارغ

ایڈووکیٹ   جنرل  پنجاب   سمیت   97   لا  افسر  عہدوں   سے   فارغ

لاہور (کورٹ رپورٹر)ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس سمیت 97لا افسروں کو عہدہ سے ہٹا دیا گیا ،جواد یعقوب نئے ایڈووکیٹ جنرل کی تقرری تک ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے معاملات کو دیکھیں گے ۔55نئے لاافسروں کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک انصاف کے دور حکومت میں تعینات ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو عہدہ سے ہٹایا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ایڈووکیٹ جنرل آفس کے 97 لا افسروں کو عہدوں سے فارغ کر دیا گیا نوٹیفکیشن کے مطابق 32ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور 65اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔ اس حوالے سے احمد اویس نے لا افسروں کو فارغ کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سے متعلق ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی۔دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی منظوری کے بعد ایڈووکیٹ جنرل آفس میں نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا 20 وکلا کو ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات کردیا اور 35وکلا کو اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب تعینات کردیا گیا، اس حوالے سے سیکرٹری قانون پنجاب اختر جاوید نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں