الیکشن کمیشن نواز شریف کے گھر کی باندی:یاسمین راشد

الیکشن کمیشن نواز شریف کے  گھر کی باندی:یاسمین راشد

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ رات کے وقت فواد چودھری کی گرفتاری سے ثابت ہوتا ہے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، الیکشن کمیشن جو حرکتیں کر رہا ہے ، وہ اسے جانبدار ثابت کرتی ہیں ۔

 سیکرٹری اطلاعات عندلیب عباس کے ہمراہ زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نواز شریف کے گھر کی باندی ہے ، الیکشن کمیشن کے اوچھے ہتھکنڈوں اور حمزہ شہباز کی حکومت کے باوجود تحریک انصاف نے 15 نشستوں پر ضمنی انتخاب جیتا ، کیونکہ عوام تحریک انصاف کیساتھ ہیں ۔ انہوں نے فواد چودھری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے ، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں مگر وہ نواز شریف اور مریم نواز کا راستہ صاف کرنا چاہتے ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن غیر جانبدار ہوتا تو محسن نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نہ لگاتا۔ تحریک انصاف نے عوام کو صحت کارڈ دیا، ممکن ہے کہ محسن نقوی اگلا قدم اٹھاتے ہوئے صحت کارڈ کے پیسے روک دیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں