امارات کے صدررحیم یارخان پہنچ گئے ،وزیراعظم نے استقبال کیا

 امارات کے صدررحیم یارخان پہنچ گئے ،وزیراعظم نے استقبال کیا

رحیم یارخان،اسلام آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ خصوصی،سیاسی رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان پاکستان کے نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچ گئے ، ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ،ا یئر پورٹ پرملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا،وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورہ کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں طے پانے والی مفاہمت کے حوالے سے بھرپور کام کرینگے ،یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں،انہوں نے کہا کہ ان کے والد پاکستان اور اس کے عوام سے بے پناہ محبت رکھتے تھے ،انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ذرائع کے مطابق شیخ محمد نے وزیراعظم سے بڑی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور وزیراعظم کا ہاتھ تھامے ہوئے انہیں اپنے جہاز میں لے گئے اور اپنے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کرائی،شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر کے بچوں سے عربی اور انگریزی میں گفتگو کی، یو اے ای کے صدر خاص طور پر ہوائی اڈے پر آئے اور وزیراعظم شہباز شریف کو الوداع کیا،صدر یو اے ای نے رحیم یار خان آنے پر وزیراعظم کا شکریہ بھی ادا کیا،صدر یو اے ای نے کہا آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔بعد ازاں شیخ محمد بن زاید ایک خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے چولستان روانہ ہو گئے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی معزز مہمان کوخوش آمدید کہنے کے بعد اپنے اپنے خصوصی جہازوں میں اسلام آباد اور لاہور روانہ ہو گئے ، چیف سیکرٹری پنجاب زاہداختر زمان، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جو کہ قبل ازیں ایک علیحدہ خصوصی جہاز پر لاہور سے شیخ زیدایئر پورٹ پہنچے تھے وہ بھی وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے ہمراہ ایئر پورٹ سے لاہور روانہ ہوئے ،ذرائع کے مطابق یو اے ای کے صدر محمد بن زاید تقریباً ایک ہفتہ سے زائد چولستان میں ہی قیام کریں گے جہاں وہ تلور کا شکار بھی کھیلیں گے ،اطلاعات کے مطابق چولستان میں شاہی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں اور رینجرز کے دستوں نے کافی ہفتے قبل سے ہی چولستان کے مخصوص حصوں کو اپنی حصار میں لے رکھا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں