فرخ حبیب کا فواد کو لے جانیوالی پولیس گاڑیوں کا پیچھا

 فرخ حبیب کا فواد کو لے جانیوالی پولیس گاڑیوں کا پیچھا

لاہور (سیاسی رپورٹرسے )تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب فواد چودھری کی گاڑی کاپیچھا کرتے رہے ، پولیس فواد کو جب سروسز ہسپتال اور پھر اسلام آباد لیکر جارہی تھی تو فرخ حبیب نے پولیس کی گاڑیوں کا پیچھا کیا اور لمحہ بہ لمحہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے۔۔۔

فرخ حبیب کالاشاہ کاکو موٹروے انٹرچینج پر پولیس کی گاڑیوں کے سامنے آگئے اور بلند آواز میں کہاکہ فواد چودھری کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش کریں آپ اسے اسلام آباد لے جاکر توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں اس دوران فرخ حبیب اورپولیس کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی ۔ فر خ حبیب نے زمان پار ک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ امپورٹڈ حکومت حواس باختہ ہوچکی ہے انکی کانپیں ٹانگ رہی ہیں کس طرح فواد چودھری کو گرفتار کیا گیا سب کے سامنے ہے ،نامعلوم لوگ فواد چودھری کو لے کر جارہے تھے انھیں میں نے کہا فواد چودھری کو عدالت پیش کرو آپ توہین عدالت کر رہے ہیں، فرخ حبیب نے سوال اٹھایاکہ کیا پاکستان میں آئین اور قانون کی حکمرانی ختم ہوگئی ہے میں نے اہلکار کو کہا عدالت کے احکامات ہیں تو اہلکار نے کہا کہ ہمیں اوپر سے احکامات ہیں،کون ہے جو عدالت اور آئین سے اوپر ہے ،کب تک طاقتور لوگ انسانی حقوق پامال کرتے رہیں گے ۔ فرخ حبیب نے کہاکہ ہماری گردنیں حاضر ہیں آپ اپنا شوق پورا کر لیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں