مردان:پولیس آپریشن،ایس پی شہید ،ڈی ایس پی سمیت3اہلکار زخمی 2دہشتگرد ہلاک

مردان:پولیس آپریشن،ایس پی شہید ،ڈی ایس پی سمیت3اہلکار زخمی 2دہشتگرد ہلاک

پشاور،مردان(اے پی پی،صباح نیوز)مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے زرہ مٹہ میں پولیس کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ایس پی اعجاز خان شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔ پولیس فورس کی بروقت جوابی کارروائی میں ہائی ویلیو ٹارگٹ محسن قادر سمیت 2دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔

کاٹلنگ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے آپریشن کے دوران پولیس کے بہادرایس پی اعجازخان شہید جبکہ ڈی ایس پی نسیم خان، اہلکار منصور اور سلیم شدید زخمی ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق 1122 کی میڈیکل ٹیم نے شہید اور زخمیوں کو ایم ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ کو محاصرے میں لے لیا ۔شہید پولیس افسر ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ۔ تدفین چارسدہ میں ہوگی ۔دوسری طرف پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید اور دوسر ا زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر پولیس نے تعاقب کیا تو ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے ابابیل فورس کا اہلکار قیصر خان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق دونوں اہلکار تھانہ گلبہار میں تعینات تھے ، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ملزموں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔ ابابیل سکواڈ کے اہلکار قیصر خان کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں ادا کردی گئی ۔ پولیس افسروں نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔دریں اثنا ء پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی پولیس سکواڈ کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں