لاہور میں عامر تانباکے قتل کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں،بجلی کے زیادہ بل بھیجے گئے،فوری ریلیف دینگے:وزیر داخلہ

لاہور میں عامر تانباکے قتل کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں،بجلی کے زیادہ بل بھیجے گئے،فوری ریلیف دینگے:وزیر داخلہ

لاہور(اے پی پی،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے ،بجلی کے زیادہ بل بھیجے گئے ، لیسکومیں83 کروڑ یونٹس کی اووربلنگ ہوئی،عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ لاہور میں عامر تانبا کے قتل کی کڑیاں بھارت سے ملتی ہیں ،بھارت پاکستان میں قتل کی وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے ۔

 پیر کو ایف آئی اے لاہور ریجنل آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ،بلوچستان اور خیبر پختونخوامیں اس وقت بجلی چوری کے واقعات بہت زیادہ ہیں،وہاں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،لیسکومیں 83 کروڑ یونٹس کی اووربلنگ ہوئی، آپ کو پتہ نہیں بل 20ہزار آرہا اور آپ 40ہزار ادا کررہے ہیں،بدقسمتی سے 300 یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو بھی اووربلنگ کی گئی، ایف آئی اے نے اووربلنگ کو پکڑا ہے ۔ انہوں نے کہا ملک بھر میں اوور بلنگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ،اوور بلنگ کے معاملے پر عوام کو فوری ریلیف دیا جائیگا۔ان کاکہنا تھا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کسی صورت نہیں رکے گا، ڈی جی ایف آئی اے پر بہت پریشر آرہا ہے لیکن یہ مہم نہیں رکے گی ، ہم پاور منسٹری کے ساتھ مل کر بلوچستان اور کے پی میں کام کررہے ہیں۔ان کاکہنا تھا پہلے کی بات نہیں کرسکتا لیکن اب ایف آئی اے پر کوئی پریشر نہیں آئے گا، اووربلنگ بدقسمتی سے گورنمنٹ سائٹ سے ہورہی ہے ، ابھی 2ایکسین گرفتار ہوئے ہیں، کسی لیول پر بھی جانا پڑا جائیں گے ،کسی کو معافی نہیں دی جائے گی، گرفتار 2ایکسین خود مانے ہیں کہ ہم یہ کام کررہے تھے ۔وزیر اعظم نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ،ایف آئی اے کی تحقیقات کے مطابق اووربلنگ میں ڈسکوز کا عملہ ملوث ہے ،اگر اور کوئی کمپنی بھی اس میں ملوث ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا ایئر پورٹس پر روانگی و آمد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ای گیٹس کی سہولت کو متعارف کروانے پر غور کیا جائے گا،ایف آئی اے سائبر ونگ میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں،اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر سے رابطہ میں ہوں،ایف آئی اے کی خالی اسامیوں میں بھرتی کے عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے گا ۔محسن نقوی نے کہا انسانی سمگلنگ کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، بلوچستان میں 9 افراد کو قتل کردیا گیا، جو ایجنٹ لے کر جارہے تھے ان کو بھی مار دیا گیا، ہم اس واقعے کی تحقیقات کرارہے ہیں، زیارت کے ویزے پر لے کر جایا جارہا تھا ،واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عامر تانبا حملہ کیس کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا اس کی تحقیقات جاری ہیں،پولیس تفتیش کررہی ہے ، اب تک اس کا شک بھارت پر جارہا ہے ،بھارت پاکستان میں قتل کی وارداتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے ،بھارت پہلے بھی4 قتل کی واردات میں ملوث رہ چکا ہے ،تاہم واقعہ کی تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،جرائم کے خاتمہ کے لیے اگر قانون سازی کرنا پڑی تو ضرور کریں گے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آزادی رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے لیکن سوشل میڈیا پر الزام تراشی کی اجازت نہیں دی جا سکتی،اگر کسی پر الزام تراشی کی جائے تو اس الزام کو ثابت بھی کیا جانا چاہیے ،سوشل میڈیا پر اس طرح کے پروپیگنڈا کے خاتمے کے لیے سائبر کرائم میں اصلاحا ت لا رہے ہیں،سوشل میڈیا کے حوالے سے سخت قوانین کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کراچی میں جرائم کے حوالے سے سندھ حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ،سندھ پولیس کے مثبت اقداما ت سے اب جرائم میں واضح کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا ہم تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ہمسایہ ملک افغانستان کی زمین استعمال ہونے کے ٹھوس شواہد ملے ہیں،پاکستان افغانستان سے با ت چیت کر رہا ہے ،امید ہے کہ جلد اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے ۔قبل ازیں وزیرداخلہ نے شہید انسپکٹر شہزاد یونس کی بیوہ سب انسپکٹر فائزہ شہزاد سے ایف آئی اے کے نئے تعمیر شدہ انویسٹی گیشن شہید شہزاد یونس بلاک کا افتتاح کرایا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر،ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور سرفراز ورک،ڈائریکٹر فیصل آباد،ڈائریکٹر گوجرانوالہ ودیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں