وزیراعلیٰ کا سیاحتی مقامات میں پلاسٹک پر پابندی کا حکم،مری کی ترقی کیلئے جامع پلان طلب

وزیراعلیٰ کا سیاحتی مقامات میں پلاسٹک پر پابندی کا حکم،مری کی ترقی کیلئے جامع  پلان طلب

لاہور،مری (اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور قائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں مری کے مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے مری کی ڈویلپمنٹ کیلئے جامع پلان طلب کر لیااور مری سمیت سیاحتی مقامات پر پلاسٹک پر پابندی کا حکم دیا۔اجلاس میں مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کیلئے سائٹ اور انٹری کیلئے گاڑیوں کو پرمٹ کارڈ ایشو کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔شہر کیلئے دریا ئے جہلم سے پانی لانے کیلئے واٹر سپلائی سکیم کی اصولی منظوری دی گئی اورموجودہ واٹر سکیم کی بحالی اور فلٹریشن کا منصوبہ بھی طلب کرلیا گیا۔وزیراعلیٰ نے پارکنگ کیلئے کیبل کار اور جدید ٹرام چلانے کے اقدامات کی ہدایت کی جبکہ مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگانے پر غور کیا گیا۔ مریم نواز نے ہر بلڈنگ میں پارکنگ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورحکم دیا غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی کرکے فوری طور پر گرائی جائیں۔نیو مری قائم کرنے کے کوٹلی ستیاں اور دیگر علاقوں میں متبادل سیاحتی مقامات میں ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔مری میں موٹر وے کی طرز پر صاف ستھرے ٹائلٹ بنائے جائیں گے ۔اجلاس میں مری کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ تجاوزات کے خاتمے کا حتمی پلان پیش کیاگیااور اس کی منظوری دیدی گئی۔مری میں بس سٹینڈ کو فنکشنل کرنے اور غیر قانونی اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا، سڑکوں کو ون وے بنانے اور کشادگی کی منظوری بھی دی گئی۔

سڑکوں پر گڑھے ختم کرنے اور گلیوں بازاروں کو بحال کیا جائے گا۔جھیکا گلی چوک کی وسعت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ نواز شریف نے کہا مری کنکریٹ کا جنگل بن چکا ہے ۔تعمیراتی معیار مدنظر نہیں رکھا گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ پوائنٹس پر ہوٹلوں،عمارتوں کی تعمیر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے ۔ ماضی میں پیسے کمانا مقصد رہا،تاریخی عمارتوں کا قدیمی حسن تباہ کر دیا گیا۔سیاحتی مقامات بد انتظامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کو مری میں غیر قانونی عمارتیں ہٹانے پر شاباش دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا بھدے سٹرکچر مری کے قدرتی حسن کو مسخ کررہے ہیں،عوام کی زندگی کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہے ۔ ایم پی اے بلال ستی،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، کمشنر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر ظہیر شیرازی، آر پی او اور دیگر حکام موجود تھے جبکہ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، ایم این اے اسامہ اشفاق سرور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز بارش کے دوران گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مری پہنچ گئیں۔سکول کی اساتذہ اور طالبات وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلاہو گئیں۔وزیر اعلیٰ نے طالبات سے پڑھائی اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے طالبات سے دریافت کیا کہ کوئی مسئلہ یا ضرورت ہے تو بتائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بازو سے معذور بچی کا علاج کرانے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے سکول کے انتظامات کو سراہا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں