نواز شریف، وزیراعلیٰ مریم روٹی کی قیمت چیک کرنے تندور جاپہنچے: نان بائیوں سے ملاقات

نواز شریف، وزیراعلیٰ مریم روٹی کی قیمت چیک کرنے تندور جاپہنچے: نان بائیوں سے ملاقات

لاہور، کاہنہ، مری(دنیانیوز، نمائندہ دنیا ،نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کیساتھ روٹی کی قیمت معلوم کرنے خود تندورپرجا پہنچے۔

انہوں نے نان بائیوں سے ملاقات کی اور لوگوں سے ان کی رائے معلوم کی،مریم نواز شریف نے ارکان پنجاب اسمبلی کو بھی روٹی کی قیمت چیک کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے مریم نواز شریف کے ہمراہ لاہو رمیں اڈہ پلاٹ پر نان بائیوں سے ملاقات کی اور روٹی کی قیمت معلوم کی،مریم نوازشریف نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا۔ نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب کو خود میں دیکھ کر عوام نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔نواز شریف نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتا رہوں گا جبکہ انہوں نے نان بائیوں کو تاکید کی کہ روٹی 20 روپے میں دوبارہ نہ دے دینا۔

مریم نواز شریف نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے روٹی کی قیمت 16 روپے اورنان کی قیمت 20 روپے کر دی ہے ،نوٹیفکیشن آگئے ہیں، 16 روپے سے زیادہ پیسے روٹی کے نہیں لینے ، اگر 16 سے زیادہ کوئی مانگے تو ایک نمبر ہے اس پر رپورٹ کریں۔ نواز شریف اور مریم نواز نے تندور پر نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی چیک کیا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نوٹیفکیشن کو دیوار پر لگائیں۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے ارکان پنجاب اسمبلی کو تندوروں کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا ہے جبکہ روٹی کے نرخ کی نگرانی کے لئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی متحرک ہوگئیں،مریم نواز شریف کا کہناتھاکہ عوامی نمائندے عوام کو ریلیف یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مری کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبے اور وارڈز دیکھ؎ے ۔

انہوں نے او پی ڈی میں مریضوں کی لمبی لائنیں دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو انتظار کروانے اور نا کافی سہولتوں پر ایم ایس کی سرزنش کی اور تنبیہ کی کہ ہسپتال کے نظام کو درست کریں، مریض دربدر ہورہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مریض بیٹی کی ماں کو دلاسہ دیا کہ گھبرائیں مت!آپ کی بیٹی ٹھیک ہو جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھے بچے سے اظہار شفقت کیا اور ڈاکٹر کو بہترین علاج کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور صحت یابی کی دعائیں کیں۔ مریم نواز شریف نے ہسپتال سے واپسی پر خواتین سکیورٹی گارڈ کے کہنے پر تصویر بنوائی اور اسے گلے لگایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں