سپیشل افراد کو’’ہمت ‘‘ اور ’’نگہبان کارڈ‘‘جاری کرنے کا فیصلہ

سپیشل افراد کو’’ہمت ‘‘ اور  ’’نگہبان کارڈ‘‘جاری کرنے کا فیصلہ

لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سپیشل افراد کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ سپیشل افراد کے لئے خصوصی ہمت کارڈاور بیت المال کے تحت نگہبان کارڈکے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ معذوری کے ساتھ کام کرنے کے اہل افراد کے لئے قرضہ سکیم کا اجرا کیا جائیگا،سپیشل افراد کو مالی خودمختاری کے لئے ایک سے دو لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا،معذور افراد کو وہیل چیئر اور دیگر مددگار آلات بھی مہیا کئے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کو سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی،اس موقع پر ہر ڈویژن میں خواتین پر تشدد کے سد باب کے لئے وی اے ڈبلیو سی سنٹر بنانے اور سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے سکلز ڈویلپمنٹ سنٹر کو فعال بنانے اور دیگر اضلاع میں قائم کرنے جبکہ سپیشل افراد کے لئے کام کرنے والی این جی اوز کے آڈٹ کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے نئی سرکاری بلڈنگ میں سپیشل افراد کے لئے باتھ روم اور ریمپ لازمی قرار دیا۔ اجلاس میں ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ٹاسک فورس بنانے کی سفارشات پر غور کیا گیا اور ہر ڈویژن میں منشیات بحالی سنٹرز کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں