ڈی آئی خان:دہشتگردوں کی فائرنگ،5کسٹم اہلکاروں سمیت 7افراد شہید

ڈی آئی خان:دہشتگردوں کی فائرنگ،5کسٹم اہلکاروں سمیت 7افراد شہید

ڈی آئی خان،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی گاڑی پر فائرنگ سے پانچ کسٹم اہلکاروں سمیت 7افراد جاں بحق گئے ،جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اورراہگیربھی شامل ہے۔

 واقعہ ڈی آئی خان کے علاقے درابن سگو  میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان نے سڑک پر موجود کسٹم کی گاڑی پر گھات لگاکرفائرنگ کردی۔ایس ایچ او درابن نے بتایا کہ کسٹم کا عملہ معمول کے مطابق سڑک پر موجود تھا کہ اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا، حملے میں سڑک پر موجود ایک بچی بھی جاں بحق ہوئی اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا ،ریسکیو حکام کے مطابق زخمی راہ گیر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرحملہ آوروں کی تلاش جاری شروع کردی ہے ،ایف بی آر کے اعلامیہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں انٹیلیجنس آفیسر اسلم خان، حوالدار عنایت اﷲ، حوالدار اکبر زمان، سپاہی افتخار عالم اور سپاہی شہاب علی شامل ہیں،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کسٹم اہلکاروں پرفائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہارکیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ نے پولیس حکام کو واقعہ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ،خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا عسکریت پسندوں کے بزدلانہ حملے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے ۔ادھرچیئرمین ایف بی آر اوردیگرافسران نے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں