پنجاب اسمبلی سے کود کر خودکشی کی کوشش

پنجاب اسمبلی سے کود کر خودکشی کی کوشش

لاہور(کر ائم رپو رٹر)پنجاب اسمبلی کے ملازم نے نا معلوم وجوہات کی بنا پر اسمبلی کی عمارت کی چھلانگ لگا کرخودکشی کی کوشش کی ،جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ اسسٹنٹ اسمبلی حاجی محمد یوسف نے پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت سے چھلانگ لگائی اور سر کے بل زمین پر گرنے سے شدید زخمی ہوگئے ۔ اسمبلی انتظامیہ کے مطابق حاجی محمد یوسف پرانے ملازم ہیں اور وہ صبح جب دفتر آئے تو اس کے تھوڑی دیر بعد وہ اسمبلی کی پرانی بلڈنگ کی چھت پر چلے گئے جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگا دی۔ عینی شاہدین کے مطابق محمد یوسف اس وقت اپنے موبائل فون پر بات کر رہے تھے اور اسی دوران سیڑھیاں چڑھتے ہوئے چھت پر گئے جہاں سے انہوں نے چھلانگ لگا دی۔ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسمبلی کی عمارت کے سامنے ایک شخص خون میں لت پت پڑا ہے جبکہ اسمبلی میں موجود ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے انہیں شدید زخمی حالت میں وہاں سے اٹھایا اور ہسپتال منتقل کر دیا۔

ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد نے بتایاکہ یہ واقعہ صبح ساڑھے آٹھ بجے کا ہے جبکہ اسمبلی کے دفاتر نو بجے کھلتے ہیں۔ ابھی ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کہ یہ خود کشی کی کوشش تھی یا وہ گرے ہیں، اس وقت ان کا علاج سروسز ہسپتال میں جاری ہے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے تاہم ابھی پولیس اس سارے معاملے کی تحقیق کر رہی ہے ۔عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے جا رہے ہیں تاہم وہ خود کیا بیان دیتے ہیں اس سے صورتحال واضح ہوگی۔حاجی محمد یوسف کی عمر 55 برس ہے اور ان کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ وہ دو دہائیوں سے اسمبلی کے ملازم ہیں اور اسمبلی اسسٹنٹ کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں