190ملین پاؤنڈ ریفرنس :مزید6گواہوں کے بیانات قلمبند

190ملین پاؤنڈ ریفرنس :مزید6گواہوں کے بیانات قلمبند

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )احتساب عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان اور بشری ٰبی بی کے خلاف190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید 6گواہوں کے بیانات قلمبند اور دو پر جرح کرلی گئی۔

گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیاگیا،عدالت نے ریفرنس میں مزید چھ گواہوں کے بیان قلم بند کیے اور وکلاء صفائی نے دو گواہوں پر جرح مکمل کرلی،عدالت نے ریفرنس پر مزید سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔ریفرنس میں اب تک مجموعی طور پر 21 گواہوں کے بیان قلمبند اور 15 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے ،مزیدبرآں 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت اسلام آبادہائیکورٹ میں آج سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے ، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کرینگے ۔ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ میں زیر سماعت سائفرکیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی اپیلوں پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے فل کورٹ اجلاس کے باعث اپیلوں پر کوئی کارروائی نہ ہوسکی اور فریقین کے وکلا کی باہمی مشاورت کے بعد اپیلوں پر سماعت کل جمعرات تک ملتوی کردی گئی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں