فوج اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ:آزادی رائے پر عائد قیود کی بر ملا پامالی کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے:آرمی چیف

فوج اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ:آزادی رائے پر عائد قیود کی بر ملا پامالی کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیانیوز)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا فوج اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ ہے ،آزادی رائے پر عائد قیود کی برملا پامالی کرنے والے دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

 آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے ۔ آپ کا طرز عمل ناصرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کیلئے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع ،عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے ۔ عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے ، ادارے کی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے ۔پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اُتری ہے ، آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے ۔

ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے ، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی ، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔ اسلحے کی دوڑ سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے ، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے ، پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے ، پاک فضائیہ نے بے مثال بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019 ہم سب کے سامنے ہے ۔

غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے ۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا، آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کیلئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔قبل ازیں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپورمیں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سندھو کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا ۔149ویں جی ڈی پی،95ویں انجینئرنگ، 105ایئرڈیفنس،25 ویں ایڈمن سپیشل ڈیوٹیز، ایٹمی لاجسٹکس،131ویں سی ایس کورسز کی گریجویشن بھی تقریب کا حصہ ہیں۔تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک تھے ، آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سے نوازا ، ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی پر سارجنٹ حبیب الرحمان کو چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا،پی اے ایف ٹرافی کیڈٹ خوشحال خان خٹک کو دی گئی جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ محمد ارسلان کو چیف آف ایئر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا،نیول کیڈٹ سارجنٹ امان اللہ کو چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی دی گئی جبکہ سکوارڈن آفیسرجنید ملک کو اعزازی شمشیر سے نوازاگیا، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے حلف بھی لیاگیا۔تقریب میں کیڈٹس نے شاندار فلائنگ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں