8 فروری کو ڈائریکٹ سلیکشن ہوئی

8 فروری کو ڈائریکٹ سلیکشن ہوئی

لورالائی(این این آئی ) جے یو آئی (ف)کے مرکزی رہنما و سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ 8 فروری کے الیکشن نہیں بلکہ یہ ڈائریکٹ سلیکشن تھی جس پر قومی خزانے کے ستر ارب روپے خرچہ ہوئے ، الیکشن سے ملک سیاسی بحران کا شکار ہوا۔

جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن واحد لیڈر ہیں جو ملک کو سیاسی جمود سے نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حا فظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر مارشل لا نافذ ہے ،ہمیں کراچی میں سیاسی جلسے کی اجازت نہ دیکر آصف علی زرداری نے اپنی نوکری پکی کرائی جسکا بلاول بھٹو زرداری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ نو مئی کو پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا ہم حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دینگے ، ہمارے پاس سٹریٹ پاور موجود ہے کسی اتحاد کی فی الحال ضرورت نہیں ،گندم سکینڈل سے حکومت کو شرمندگی کا سامنا ہے ، ہم نواز شریف اور آصف علی زرداری و دیگر جماعتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ فارم 47 کے تحت قائم حکومت کو چھوڑ کر ہمارے ساتھ ملکر تحریک میں شامل ہو جائیں تاکہ نئے الیکشن کے لئے راستہ ہموار ہو سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں