افسر عوامی نمائندوں کی عزت کریں، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں: مریم نواز

افسر عوامی نمائندوں کی عزت کریں، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں: مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹر سے،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پنجاب بھر میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنروں نے ملاقات کی ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔۔۔

 افسران عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں، عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، غلط بات میرے سمیت کسی کی نہ مانیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے، حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھا جائے، جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی ہے، عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں، فرض اولین ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے، ینگ افسران کو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ ایجوکیشن، ہیلتھ،پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے ، اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے ،پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں،کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی، ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے ،عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔ میرے اسسٹنٹ کمشنر میرے آنکھیں، کان اور بازو کے مترداف ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام موجود تھے ۔ دریں اثنا مریم نواز نے پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاری وفد کا خیر مقدم اور پاک سعودی انویسٹمنٹ کانفرنس کی کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آنے والے سعودی سرمایہ کاروں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، پاک سعودی عرب انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقادخوشحالی کی نوید ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ30سعودی کمپنیوں کے 50رکنی وفد کی آمدسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان سے لگاؤ کا واضح ثبوت ہے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سے منشیات کے سب سے بڑے (جارڈن)گینگ کو گرفتار کرنیوالی پنجاب پولیس ٹیم کو سی ایم آفس بلوا کر شاباش دی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ بات بہت حیران کن تھی کہ گینگ آزادانہ طریقے سے لاہور میں منشیات سپلائی کر رہا تھا،پولیس نے قوم کے بچوں کو اس لعنت سے بچایا جو یونیورسٹیز میں جا رہی تھی، معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے لیے ہمیں جو کچھ کرنا پڑ اہم کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں