بلوچستان کے مسائل ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں:صدر

بلوچستان کے مسائل ڈائیلاگ سے حل ہونے چاہئیں:صدر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بلوچستان کو خوشحال و ترقی یافتہ بنا کر استحکام پاکستان کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرینگے۔۔۔

بلوچستان کے مسائل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہئیں،بلوچستان کی بنجر زمینوں کو موثر حکمت عملی کے ذریعے سیراب کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنانے کی کوشش کرینگے، اب وقت ہے بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں صدر مملکت بلوچستان کے سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گے ،کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا اور اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں صدر مملکت سے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے صوبائی وزرا، صادق عمرانی، علی مدد جتک، میر ظہور بلیدی، سردار عبد الرحمن کھیتران، میر سلیم کھوسہ، ثنا اللہ زہری کے ہمراہ ملاقات کی ، ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے مزید کہا کہ ملکی ترقی اور صوبوں کو حقوق دینے کیلئے ہمارے دور میں اٹھارہویں آئینی ترمیم پاس کی گئی جس سے تمام صوبوں کو فائدہ ہوا ، بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے ، بلوچستان میں تیل اور گیس موجود لیکن ہم نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کم آمدن و حق دار خاندانوں کو پیکیج دے رہے ہیں،کوشش ہے پورے ملک خاص کر بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں