چیئرمین پی اے سی کون ؟ پی ٹی آئی میں اختلافات

چیئرمین پی اے سی کون ؟ پی ٹی آئی میں اختلافات

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) بنانے کا فیصلہ کرلیا۔پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت اور سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا دونوں ہی چیئرمین پی اے سی بننے کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری دے دی۔ تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پی اے سی کی چیئرمین شپ کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے ۔ایک انٹرویومیں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ابھی تک کسی نے شیر افضل مروت کا نام مسترد نہیں کیا اور انہیں ابھی تک نہیں بتایا گیا کہ ان کا نام چیئرمین پی اے سی کیلئے آیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی لیڈر ہیں اگر وہ حکم کریں گے تو عہدہ سنبھال لیں گے ، بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ہوگا اس کے لیے تیار ہوں ، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شیر افضل مروت کو کسی نے مسترد نہیں کیا، وہ ہمارے بھائی ہیں، شیرافضل مروت پارٹی کے سٹار ہیں، میں کسی تنازع میں خود یا پارٹی کو نہیں ڈالنا چاہتا۔ بانی پی ٹی آئی جو فیصلہ کریں گے وہ میرے اور شیر افضل مروت کے لیے قابل احترام ہوگا، سیاسی کمیٹی میں جو ووٹنگ ہوئی اس کے بارے میں علم نہیں۔تحریک انصاف کی جانب سے شیخ وقاص اکرم کو بطور چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے پر شیر افضل مروت برہم ہوگئے اور معاملہ بانی تحریک انصاف کے سامنے رکھنے کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ میں عمران خان سے ملاقات کروں گا اور ان کے نام پر ہونے والے فراڈ سے آگاہ کروں گا، بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کا معاملہ سیاسی کمیٹی کو فیصلے یا ووٹنگ کے لیے ریفر نہیں کیا اور نہ ہی اب تک مجھے چیئرمین بنانے کا اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے ۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مجھے نہ تو کمیٹی کے اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور نہ ہی اس کے ایجنڈے میں ایسی کوئی چیز تھی، آج خان صاحب سے ملاقات کے بعد آپ سب کو آگاہ کروں گا، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے راجواڑہ نہیں اور میں اسے ہائی جیک نہیں ہونے دوں گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں