رائل ملائشین نیوی سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز عطا

رائل ملائشین نیوی سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز عطا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، آئی این پی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے رائل ملائشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے ملاقات کی۔

قائم مقام صدر نے "امن "مشقوں میں باقاعدہ شرکت پر رائل ملائشین نیوی کو سراہا اور کہا پاکستان آسیان کا فُل ڈائیلاگ پارٹنر بننے کیلئے ملائشیا کی جانب سے مسلسل حمایت کا منتظر ہے، قبل ازیں قائم مقام صدر نے خصوصی تقریب میں رائل ملائشین نیوی کے سربراہ کو نشان امتیاز (ملٹری) کا اعزاز عطا کیا اور مبارکباد دی۔ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازنے پر قائم مقام صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے ۔ قائم مقام صدر نے دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں بحری شعبوں میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زوردیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں بحری افواج کے درمیان تربیت و تبادلہ کے پروگراموں سے بحری تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ علاوہ ازیں سربراہ رائل ملائشین نیوی ایڈمرل تان سری عبدالرحمن بن ایوب نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے رائل ملائشین نیوی کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، دونوں بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ رائل ملائشین نیوی کے سربراہ نے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں