رئیسی اور رفقاکی تجہیزوتکفین کا آغاز،گیلانی ایران پہنچ گئے،شہباز شریف آج جائینگے

رئیسی اور رفقاکی تجہیزوتکفین کا آغاز،گیلانی ایران پہنچ گئے،شہباز شریف آج جائینگے

تہران ،اسلام آباد(دنیانیوز،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور رفقا کی تجہیز و تکفین کا آغاز تبریز میں ہو گیا، مختلف شہروں میں تعزیتی اجتماعات کا انعقادکیا گیا۔

ملک بھر میں 5روزہ سوگ ہے جبکہ پاکستان بھارت اور لبنان میں بھی یوم سوگ منایا گیا، اقوام متحدہ کا پرچم سرنگوں رہا، ایرانی صدر کی تجہیز وتکفین کی تقریبات میں شرکت کیلئے قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی ایران پہنچ گئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آج جائیں گے ۔اجتماعی نماز جنازہ بدھ کو تہران میں ہوگی لیکن اس سے قبل منگل کے روز میتیں مشرقی آذربائیجان صوبے سے تبریز شہر میں شہدا اسکوائر سے موصلہ لائی گئیں۔اس کے بعد شہر قم میں منگل کی شام حضرت معصومہ کے روضہ مبارک سے مسجد جمکران تک میتوں کو جلوس کی شکل میں لے جایا گیا، بی بی سکینہ کے مزار پر حاضری کے بعد شہدا کے جسد خاکی کو منگل کی رات تہران میں امام خمینی کے مزار پر الوداعی سلام کے لیے لایا گیا۔بعد ازاں آج بدھ کے روز میتوں کو تہران یونیورسٹی سے آزادی سکوائر کی طرف جلوس کی صورت میں لایا جائے گا اور روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے ، شام میں اعلیٰ غیر ملکی معززین کی موجودگی میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب ہوگی،جمعرات کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی میت ان کے آبائی علاقے مشہد لائی جائے گی جہاں دوبارہ نماز جنازہ ہوگی اور پھر وہیں سپرد خاک کردیا جائے گا۔آیت اللہ آل ہاشم کی تدفین جمعہ کو تبریز میں کی جائے گی جبکہ مشرقی آذربائیجان کے گورنر کی تدفین مراغہ شہر میں کی جائے گی، غیرملکی میڈیا کے مطابق آج پورے ملک میں سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

آخری رسومات کے سلسلے میں ایران میں تعزیتی اجتماعات جاری ہیں ، تہران،نجف، تبریز ودیگر شہروں میں سوگوار بڑی تعداد میں موجود ہیں اور اپنے رہنما کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ ادھر پاکستان اور بھارت میں ایرانی صدر کی وفات پر ایک روزہ سوگ منایا گیا جبکہ لبنان میں بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ،جنیوا میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر کے پرچم سرنگوں رہے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان نے کونسل کے موجودہ صدر موزمبیق کے سفیر پیڈرو کومیساریو افانسو کی درخواست پر ابراہیم رئیسی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ادھر پاکستان کے قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی ایرانی صدر کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ایران پہنچ گئے ،قبل ازیں انہوں نے ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور ایرانی صدر کے انتقال پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہارکیا ،قائم مقام صدر نے پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری سے بھی ملاقات کی اور ایرانی سفارت خانے میں مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی درج کیے ۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف آج بدھ کو ایران روانہ ہوں گے جہاں وہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہم رئیسی اور دیگر کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی ،کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے ابراہیم رئیسی اور دیگر رفقا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور قوم مشکل وقت میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفترخارجہ کی جانب سے دورے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔وزیر اعظم کی سربراہی میں اعلیٰ سطح وفد پاکستان کی نمائندگی کرے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں