جیل بیٹھے شخص کو سفارتی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں، عطاتارڑ

جیل بیٹھے شخص کو سفارتی کامیابیاں ہضم نہیں ہو رہیں، عطاتارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار، اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے کہا جیل میں بیٹھے شخص کو سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیاں اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، مخصوص پروپیگنڈے کے تحت ملک کو 71 والے حالات سے ملانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

پیر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہمیں امداد نہیں تجارت چاہئے، ہم تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے وفد نے بھی مثبت پریس ریلیز جاری کی ہے، ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی میں کمی ہوئی جو 17 فیصد پر آئی ہے، یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا عالمی مالیاتی جریدے اور ادارے اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت بحال ہو رہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا ملکی ترقی کے خلاف کچھ ملک دشمن قوتیں سرگرم ہیں جو مخصوص پروپیگنڈے کے تحت ملک کو 71 والے حالات سے ملانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کہتے ہیں کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں، پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان نے ترقی کرنی ہے، آگے بڑھنا ہے اور اپنا مقام بنانا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر پابندی نگران حکومت نے لگائی تھی، یہ معاملہ عدالت میں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں