چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ محمد شفیع صدیقی نے حلف اٹھا لیا

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ  محمد شفیع صدیقی نے حلف اٹھا لیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ محمد شفیع صدیقی نے مستقل چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جسٹس محمد شفیع صدیقی سے حلف لیا۔

 تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید غوث علی  شاہ ، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ انورظہرجمالی، سابق ججز سپریم کورٹ سرمد جلال عثمانی، فیصل عرب، سابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجادعلی شاہ ، سندھ ہائیکورٹ کے ججز، ججزکے اہل خانہ، ماتحت عدلیہ کے ججز، اٹارنی جنرل منصور اعوان ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ حسن اکبر، بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سمیت بڑی تعداد میں وکلا شریک ہوئے ۔ تقریب میں جسٹس محمد شفیع صدیقی کی چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی پڑھ کر سنایا گیا۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی 27 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے طور پر فرائض انجام دینگے ۔ سپریم جوڈیشل کمیشن نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور مستقل چیف جسٹس منظوری دی تھی۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی سابق چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کی سپریم کورٹ تعیناتی کے بعد سے بطور قائم مقام چیف جسٹس فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔ جسٹس محمد شفیع صدیقی 12 اگست 1965 کو پیدا ہوئے ۔ انہوں نے بی ایس کے بعد ایل ایل بی کیا اور 1992 میں بطور ایڈووکیٹ ماتحت عدالتوں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 1994 میں ہائیکورٹ کے وکیل بنے ، 2008 میں سپریم کورٹ میں بطور سپریم کورٹ ایڈووکیٹ کی حیثیت سے انرول ہوئے ۔ 2012 میں سندھ ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دیئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں