حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کیلئے ارکان پر دباؤ،ایم این اے امیر سلطان گرفتار:تحریک انصاف

حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کیلئے ارکان پر دباؤ،ایم این اے امیر سلطان گرفتار:تحریک انصاف

لاہور ( سیاسی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے ایم این اے بیرسٹر صاحبزادہ محمد امیر سلطان ایم این اے کو لاہور میں ان کے گھر سے چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا ۔

تحریک انصاف نے کہا ہے کہ حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کیلئے ارکان پر دبا ؤ ڈالا جا رہا ہے ، ایم  این اے امیر سلطان کو اس سلسلہ میں گرفتار کیا گیا۔ شیخ امتیاز رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت وقت ہوش کے ناخن لے ، گرفتاری کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ۔جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی حافظ ذیشان رشید نے کہا ہے کہ صاحبزادہ امیر سلطان کو سرور روڈ کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا،صاحبزادہ امیر سلطان کی گرفتاری غیر قانونی ہے ۔ایس پی کینٹ اویس شفیق کا کہنا ہے کہ صاحبزا دہ امیر سلطان کو پولیس نے گرفتار نہیں کیا،رکن قومی اسمبلی کے اغوا کے متعلق بھی کوئی اطلاع نہیں، لواحقین درخواست دینگے تو کارروائی کا آغاز کرینگے ۔ذیشان رشید نے کہاہے کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہمارے ایم این اے غیر محفوظ ہیں ،جہاں رکن اسمبلی محفوظ نہیں وہاں عام آدمی کا کیا مستقبل ہو سکتا ہے ؟ ۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے جھنگ سے ایم این اے امیر سلطان کو اغوا کیا گیا ہے ، عدلیہ کے فیصلے کے بعد حکومت تصادم کی طرف بڑھ رہی ہے ۔اپنے ایک بیان میں رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ جس کے پاس اختیار ہے وہ طاقت کے زور پر فیصلے کر رہا ہے ،لوگوں کی وفاداری کی تبدیلی کرنے کے لیے ان پر زور ڈالا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصلوں کے خلاف بغاوت ہورہی ہے ، قانون اور آئین کے مطابق ملک کو نہ چلایا گیا تو ملک قائم نہیں رہے گا، آپ پاکستان کو کس طرف لے کر جارہے ہیں، ملک کو خطرات سے دوچار نہ کریں، ہم پاکستانی ہیں آئین اور قانون کی جدوجہد جاری رکھیں گے ، میری سپریم کورٹ اور اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ فارم 45 اور 47 کا فیصلہ جلد کیا جائے ، ملک میں دھاندلی زدہ جعلی انتخاب ہوا اور اس میں چیف الیکشن کمشنر کا کلیدی کردار ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے دیگر وکلا کے ہمراہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ایم این اے صاحبزادہ امیر سلطان کو اٹھایا گیا،ہمارے دفتر میں کام کرنے والے کئی ساتھی بھی لاپتہ ہیں،ہمارے ایک ایم این اے کے بھائی اور سولہ سالہ بیٹے کو اٹھایا گیا،ہم سپریم کورٹ میں اس کے حلف نامے بھی جمع کروائیں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ وزیراعظم حلف نامہ جمع کروائیں کہ کسی کو اس کے گھر سے اٹھایا نہیں جائے گا،ہم سپریم کورٹ سے درخواست کرتے ہیں اس حلف نامے پر عمل درآمد کروایا جائے ،سپریم کورٹ اب تک اٹھائے گئے کارکنوں کو بازیاب کروائے ۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ مقامی انتظامیہ افسران کے ذریعے ان کے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کو پی ٹی آئی میں شمولیت کے حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کے لیے دبا ؤڈالا جا رہا ہے ۔ایکس پر بیان میں رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب کے مختلف ڈویژنوں کے کمشنرز ہمارے اراکین قومی اسمبلی اور اراکین صوبائی اسمبلی کو فون کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے حلف نامے پر دستخط نہ کرنے کے لیے دبا ؤڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ انہیں شہباز شریف اور مریم نواز کی جانب سے وزارتوں اور دیگر لالچوں کی پیش کش کر رہے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کمشنرز کے نام اور ثبوت موجود ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں