کالج میں واقعہ ہوا ہی نہیں تو مس ہینڈلنگ کیسے ؟سی سی پی او

کالج میں واقعہ ہوا ہی نہیں تو مس ہینڈلنگ کیسے ؟سی سی پی او

لاہور (کرائم رپورٹر )سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ نجی کالج کے کیمپس کے واقعہ کے بارے میں کوئی ثبوت ہے تو لائیں، ایکشن لیں گے ،ایک ایسا واقعہ جو ہوا ہی نہیں تو مس ہینڈلنگ کہاں سے ہو گئی۔

اب تک توڑ پھوڑ کر نے والے 55افرادکو گرفتارکیاہے ، پر امن احتجاج کی اجازت ہے لیکن املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں جو طلبہ ایسا کر رہے ہیں اپنے مستقبل کو خراب کر رہے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ایس پی ہیڈ کوارٹر احمد زنیر چیمہ کے ہمراہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلا ل صدیق کمیانہ نے کہا کہ نجی کالج کے کیمپس کے حوالے سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس پرپولیس فوری طور پر حرکت میں آئی، سی سی ٹی وی فوٹیجز دیکھیں،ہسپتال دیکھے مگر کچھ نہ ملا،گارڈ چھٹی پر گاؤں گیا تھااسے بلا کر انکوائری میں شامل کیا گیا،تحقیقا ت کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی بنائی گئی ۔حکومتی کمیٹی نے بھی اس واقعہ کو بے بنیاد قرار دیا۔بلال صدیق کمیانہ کا کہناتھاکہ ایک واقعہ ہوا ہی نہیں تو مس ہینڈلنگ کا سوال کہاں سے بن گیا؟،ویڈیو بیانات دینے والے طلبہ بھی اپنے بیانات سے پیچھے ہٹ گئے ۔احتجاج کرنیوالے طلبہ اور ان کے والدین کو سوچنا ہو گا کہ طلبہ کی ایسی حرکات سے ان کا مستقبل داؤ پر لگ سکتا ہے ، انکا کریمنل ریکارڈ بنے گا۔املاک کو نقصان پہنچانے والے 24 افراد پر ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں