امریکا ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کریگا :شجاعت
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہاہے کہ امریکا کی نئی قیادت کی پاکستان کے امور میں مداخلت کے بارے میں بے بنیاد افواہیں ہیں،امریکا کی اپنی پالیسیز ہیں وہ ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا ،چین بھی اس حوالے سے واضح مؤقف رکھتا ہے ۔
میڈم سکارلٹ ژیانگ کی سربراہی میں چین کے سرمایہ کاروں کے وفد نے گزشتہ روز چودھری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی،وفد نے پاکستان میں اپنے مجوزہ پروگراموں سے آگاہ کیا، ملاقات میں امریکا میں ہونے والے انتخابات ،نتائج ،چین کی پالیسی اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔چودھری شجاعت کاکہناتھاکہ نئی امریکی قیادت کی پاکستانی امور میں مداخلت سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں،وہ ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، چین اور پاکستان کے نجی شعبے میں بھی اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے ۔چین اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ مراسم اور تجارتی تعلقات قائم ہیں،پاکستان اور چین کے مابین اقتصادی تعاون بڑھایا جائے گا۔ ہمیں ایگریکلچر سیکٹر کے فروغ کیلئے چین کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔اس موقع پر موجود صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہاکہ چین کے سرمایہ کاروں کے پروگراموں کو آگے بڑھانے میں پنجاب حکومت مکمل تعاون کرے گی،چودھری شجاعت نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے تاریخی کردار ادا کیا ۔ شجاعت حسین نے چین کے وفد کی سربراہ کو اپنی تحریر کردہ کتاب پیش کی ۔