آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات خفیہ:چیئرمین ایف بی آر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین ایف بی آر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں کہا آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات خفیہ ہیں۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے مذاکرات ہو رہے ، قوم منی بجٹ کی وجہ سے پریشان ہے ، انہوں نے پوچھا ایف بی آر 190ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال کیسے پورا کرے گا؟ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا ٹیکس شارٹ فال پر ان کیمرا بریفنگ رکھی جائے ۔ سینیٹر منظور احمد کاکڑ نے کہا ایران بارڈر پر پاکستانی کمرشل گاڑیوں سے ایران 10فیصد لیوی وصول کر رہا، اندر جانے پر مزید ایک ڈالر فی کلو میٹر چارج کیا جاتا ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا پاکستان آنے والی ایرانی کمرشل گاڑیوں سے کوئی ٹیکس چارج نہیں کیا جاتا، ایران پاکستانی تاجروں سے لیوی وصولی بند کرے یا پاکستان کو بھی ٹیکس وصول کرنا چاہیے ۔