پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے :گورنر

 پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے :گورنر

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سے آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ صوبے میں امن و امان یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 گورنر نے کہا پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے ،جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ۔ پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کا مدد گار اورتھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہئے ۔ سموگ کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر آئی جی نے کہا صوبے میں امن و  امان کا قیام ترجیح ہے ۔ ملک میں حالیہ دہشتگردی واقعات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کا حکم دیدیا ہے ۔ انسدادسموگ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے گا۔ گورنر سلیم حیدر نے راولپنڈی لوک ورثہ میں جاری فیسٹیول کا بھی جائزہ لیا، سندھ اور پنجاب کے پویلینز پر گئے ۔ گورنر کو سندھی اجرک ٹوپی،روایتی پنجابی پگڑی پہنائی گئی۔ انہوں نے تمام سٹالز کا معائنہ کیا ،دستکاروں و آرٹسٹوں کے نمونے دیکھے اورانکی محنت کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر نے کہا سندھ اور پنجاب کے کلچر متاثر کن ہیں ان میں ہماری تاریخ اور بزرگوں کا ہنر شامل ہے ۔ میلے ٹھیلے تمام صوبوں کی روایت ہے ، ان سے تفریح ، محبت، بھائی چارے کو فروغ ملتا ہے ،معاشرتی ہم آہنگی کیلئے روایتی میلوں کا انعقاد ضروری ہے ، یہاں لوگوں کی کثیر تعداد دیکھ کر توقع کی جا سکتی ہے کہ تمام پرانے میلے بحال ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں