چاہتے ہیں دنیا حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے :سلمان اکرم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے پاکستان کے حالات اچھے نہیں، اگر ایسے ہی رہے توسرمایہ کاری کیسے آئے گی، آئین اور قانون ختم ہو چکا ہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاملکی حالات پر پوری دنیا کی نظر ہے ، ہم چاہتے ہیں یہاں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا میں نوٹس لیا جائے ۔ احتجاجی تحریک میں پارٹی قیادت موجود ہوگی، اس بات میں کوئی حقیقت نہیں کہ بشریٰ بی بی احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گی، ان کا تنظیمی معاملات سے کوئی تعلق نہیں۔ سینئر قیادت کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا اس لیے انہوں نے بشریٰ بی بی کے ذریعے پیغام بھیجا جو ہم تک پہنچ گیا ۔24 نومبر سے شروع تحریک ایک دن کی نہیں ہوگی،چلتی رہے گی،یہ تحریک صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ ہر اس پاکستانی کی ہے جو ملک میں آئین و قانون کی بالادستی چاہتا ہے ۔ایک سوال پرکہا شاہ محمود قریشی کا مشورہ ہمیشہ شامل رہتا ہے ، جیل میں جاکر ان سے اور یاسمین راشد سے ملاقات کروں گا۔
آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہماری دیگر پارٹیوں سے بھی بات چیت جاری ہے ، محمود اچکزئی بھی جلد نظر آئیں گے ۔ حکومت نے 9 مئی واقعات سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج کے کچھ حصے جاری کیے ہیں، پوری ویڈیو جاری کی جائے ، پھر ہمارا کوئی کارکن ملوث نکلتا ہے تو ضرور سزا دی جائے ۔ اس موقع پرپیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا عمران خان عالمی سطح پر مداخلت مانگ کراپنے پیر پر کلہاڑی ماررہے ہیں، تحریک انصاف کو اگر پاکستان میں سیاست کرنی ہے توایسا عمل نہیں کرنا چاہئے نہیں پتا اسکے اسوقت مقاصد کیا ہیں،؟، سوائے ایک فرد کی رہائی کے ، وہ یہ بتائے چاہتی کیا ہے ،وہ پرامن مظاہرے بھی نہیں کرپارہی، ایسے اقدامات سے تحریک انصاف عمران خان کے لیے مزیدمشکلات، مسائل کا اضافہ کررہی ہے ،اب کچھ پاکستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں، معیشت بہتر ہوچکی ہے ، مگر تحریک انصاف کے لوگ پھر توڑ پھوڑ کیلئے تیاریاں کررہے ہیں، کیونکہ انکی سوچ ہے کہ پہلے ہم پھر ریاست ہے ، ان کا میسج تو یہی جارہا ہے ۔