درد دل کے بغیر طب کا پیشہ بے مقصد :مولانا طارق جمیل
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)درد دل کے بغیر طب کا پیشہ بے مقصد ہے ۔ زیر تربیت نوجوان ڈاکٹروں کو حصول تعلیم کے دوران اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنی زندگی کا محور و مرکز بنانا چاہیے ۔
یہ بات معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے نجی کالج میں طلبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اسلامی تعلیمات کے مطابق جس نے ایک جان کو بچایا گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا کا حوالہ دیا اور کہا کہ ڈاکٹر اپنی زندگی میں ہزاروں لوگوں کی جانیں بچاتے ہیں اس طرح وہ نہ صرف اس پیشہ کے ذریعے باعزت روزگار حاصل کرتے ہیں بلکہ آخرت بھی کماتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ پورے انہماک سے تعلیم حاصل کریں تاکہ عملی زندگی میں اللہ تعالیٰ اُن کے ذریعے ہزاروں مریضوں کو شفا عطا کرے ۔