افراتفری کرنیوالوں کے حقوق معطل کردیں:ملک احمد

افراتفری کرنیوالوں کے حقوق معطل کردیں:ملک احمد

لاہور (سیاسی نمائندہ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمداحمد خان نے کہا ہے کہ ایسے لوگوں کے حقوق معطل ہونے چاہئیں جو ملک میں افراتفری پیدا کریں، چاہے وہ کسی اسمبلی کے رکن ہی کیوں نہ ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر خواجہ نصیر اور سیکرٹری عدنان شیخ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی بھی جماعت یا تحریک کا مقصد عوام کی بھلائی ہوتا ہے ، لیکن ایک شخص اور اس کی جماعت نے پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معمولی الزام نہیں، بلکہ ملک کی فوج اور اداروں پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ نے بلوائیوں کے ساتھ وفاق پر حملہ کیا۔یہ لوگ مخالف سیاست دانوں اور عدلیہ کی عزتیں سوشل میڈیا پر اچھالنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئین ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے لیکن ملک کو آگ لگانے کی اجازت نہیں دیتا۔ سپیکر نے کہا کہ ایک شخص کا وجود افراتفری سے جڑا ہوا ہے اور وہ چاہتاہے کہ ملک میں انتشار کا ماحول برقرار رہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ میں ہم خیال اور مخالف خیال ججوں کی تقسیم پیدا کی جا رہی ہے تاکہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا ہوں۔ انہوں نے حکومت سے استفسار کیا کہ وہ اس افراتفری کے خاتمے کے لیے کب اقدامات کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں