اسلام آباد میں ہوٹلز،پٹرول پمپس بند رہے
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )پی ٹی آئی کے احتجاج کوروکنے کے لئے کنٹینرز اوررکاوٹوں سے گزشتہ چاردن سے جڑواں شہروں کے شہریوں کوشدید دشواری کا سامنا کرناپڑ رہا ، شہراقتدار میں نظام زندگی مفلوج ، ہر جانب ویرانی چھائی ہو ئی ہے۔
،اسلام آباد میں ہوٹلز، پٹرول پمپس، اے ٹی ایم مشینیں بھی بند کر دی گئیں، شہر اقتدار میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، جڑواں شہروں میں داخلی وخارجی راستے بند ہو نے سے پنجاب اورخیبر پختونخوا سے سبزیاں ، پھل اور دیگر ا شیا بھی نہیں پہنچ رہیں جس کے باعث سبزیوں او ر پھلوں کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا۔ ستارہ مارکیٹ،میلوڈی مارکیٹ ،پشاورموڑسمیت ملحقہ علاقوں میں ہوٹلز، چائے کے کھوکھے بھی بند کرا دیئے گئے ۔ سبزی وفروٹس کی دکانیں بھی بند کر دی گئیں۔ مظاہرین کھانے پینے کی اشیا کے حصول کے لئے مختلف بازاروں کا چکر لگاتے رہے ۔ پی ٹی آئی مظاہرین کے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پٹرول پمپس اورمختلف بینکوں کی اے ٹی ایمزمشینیں بھی بند کردی گئیں ۔ شہریوں کو پٹرول وڈیزل کے حصول میں دقت کا سامنا رہا ۔
سری نگر ہائی وے ، فیصل ایونیو ، بلیو ایریا ایف سکس ، سپرمارکیٹ کے پٹرول پمپس بند رہے اسی طرح بینکوں کی اے ٹی ایم مشینیں بھی بند رہیں اوران کے باہر بورڈ آویزاں کئے گئے کہ یہ مشین خراب ہے ۔شیور مرغی کاگوشت 850 اورٹماٹر450 روپے کلو تک پہنچ گئے ، منگل سستے بازار بھی نہ لگ سکے جبکہ دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت کااندیشہ لاحق ہوگیا ۔ آن لائن ٹرانسپورٹ سروس بھی متاثر ہے جبکہ ٹیکسی ڈرائیورزنے بھی راستے بند ہونے اور متبادل راستے استعمال کئے جانے پر کرائے بڑھا دیئے ۔ منگل کے روز ٹرانسپورٹ بھی معمول سے بہت کم رہی، شہر اقتدار کے مختلف شادی ہالز میں ولیمہ وبارات کی تقاریب ملتوی ہو گئیں ، ایمرجنسی میں مریض ہسپتال تک نہیں پہنچ پا رہے ۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث شہر اقتدارکے مصروف ترین کاروباری مراکز بند رہے ، احتجاج کے باعث منگل کو بھی جڑواں شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ، وفاقی دارالحکومت میں چھوٹے بازار اور ہوٹلز تک بند کرادیئے گئے ، اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سمیت تجارتی مراکز میں دن بھر ہو کا عالم رہا۔ سرکاری و نجی دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی،ملازمین متبادل راستوں سے موٹر سائیکلوں یا پیدل چل کر دفاتر پہنچے ۔