سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی،3خوارج ہلاک
راولپنڈی( اے پی پی ، دنیا نیوز)پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا جس کے نتیجہ میں 3 خوارج ہلاک ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کا گروہ شمالی وزیر ستان کے علاقے حسن خیل سے داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں 3 خوارج ہلاک ہو گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان بار بار موثر بارڈر مینجمنٹ کیلئے کہہ چکا ہے ، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین خوارج کو استعمال نہیں کرنے دے گی۔پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔ عبوری افغان حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے ۔ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سے سرحدی انتظامات کو موثر بنائے ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور اس حوالے سے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں خوارج کی افعانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسروں و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ۔