احتجاج کی نئی تاریخ نہیں دی،بندوق سے عوام کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی:پی ٹی آئی

احتجاج کی نئی تاریخ نہیں دی،بندوق سے عوام کی محبت ختم نہیں کی جاسکتی:پی ٹی آئی

پشاور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما ؤں نے کہاہے کہ 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آبادمیں احتجاج کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر درست نہیں ، احتجاج کی ابھی کوئی نئی تاریخ نہیں دی جبکہ پارٹی ترجمان کا کہناہے کہ بندوق کی طاقت سے عوام کے دل سے پی ٹی آئی کی محبت نہیں نکالی جاسکتی۔

سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کچھ دنوں سے فیک نیوز کا بازار گرم ہے ، اسد قیصر نے 7 دسمبر کو دوبارہ اسلام آباد جانے کے حوالے سے کوئی بیان دیا نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ پارٹی کی سطح پر ہوا ہے ۔ پارٹی معاملات کو ہم دیکھ لیں گے ، ہمیں اپنے کپڑے باہر دھونے کی ضرورت نہیں ، اب بھی ہمارے لوگ لاپتا ہیں ، ہمارے پاس ہر چیز کا ریکارڈ موجود ہے ۔ اسلام آباد میں کارکنوں کی شہادتوں کا معاملہ اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہمارے لئے اس وقت بڑے چیلنجز ہیں۔شیخ وقاص نے واضح کیا کہ مشال یوسفزئی کی پارٹی میں کوئی پوزیشن نہیں البتہ وہ بشریٰ بی بی کی ذاتی ترجمان ہیں۔یہ کہنا سراسر جھوٹ ہے کہ ڈی چوک میں گولیاں نہیں چلیں، وزیر دفاع کا بیان آیا کہ جنازے دکھاؤ جبکہ ہم نے کل کی پریس کانفرنس میں جنازے کی فوٹیج دکھائی تھیں۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی ہمارے کارکنوں کی ہلاکتوں کو رپورٹ کیا ہے۔

ہمارا مطالبہ ہے کہ معاملے پر اعلیٰ سطح کا جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور تحقیقات کی جائیں۔پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ 7 دسمبر کی احتجاج کی کال کاعلم نہیں، مجھے بھی میڈیا کے ذریعے پتہ چلا ،ویسے احتجاج کرنا کوئی جرم تو نہیں۔ بشریٰ بی بی کی بہن سے ہمارا کوئی واسطہ نہیں ، اگر بشریٰ بی بی نے ڈی چوک نہ جانے کی بات نہیں مانی تھی تو پارٹی کیوں جھک گئی؟ ،سیاسی جماعت کے فیصلے فرد واحد نہیں کرسکتا۔ اسلام آباد نہ پہنچنے والوں کے خلاف ایکشن اگر ہوگا تو پارٹی لے گی، معاملے پربشریٰ بی بی کیسے ایکشن لے سکتی ہیں؟۔سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے دوبارہ احتجاج کی ابھی کوئی تاریخ نہیں دی، اس حوالے سے چلنے والی خبر من گھڑت ہے ۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ استعفے دینے نہیں بلکہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونے کا وقت ہے ، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی اپنا استعفیٰ واپس لے لیا اور کہا اسلام آباد میں جو کچھ ہوا حکومت کو اس کا جواب دینا پڑے گا،مظاہرین کو بلوائی اور دہشتگرد کہنا درست نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ تھا کہ احتجاج نہیں کرنا، چلیں ہم سے غلطی ہوگئی، جو لوگ پکڑے گئے ہیں انہیں سزا ہی ہوگی، پھانسی تو نہیں چڑھائیں گے ۔

بشریٰ بی بی کا پارٹی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، وہ صرف عمران خان کی رہائی کیلئے کردار ادا کررہی ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ جو کبھی میدان میں نکلے ہی نہیں، وہ 24 کروڑ عوام کو میدان سے بھاگنے کے طعنے دے رہے ہیں۔خواجہ آصف کے بیان پر ترجمان تحریک انصاف نے ردعمل میں کہا سینوں پر گولیاں کھانے کے باوجود پولیس اور رینجرز پر جوابی حملے نہ کرکے کارکنوں کوبچایا۔ بندوق کی طاقت سے عوام کے دل سے پی ٹی آئی کی محبت نہیں نکالی جاسکتی۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ کی گفتگو پر ترجمان نے ردِعمل میں کہا کہ ریاست اس وقت چوروں اور قاتلوں کے غاصبانہ قبضے میں ہے ، جب تک قاتل مسندوں پر رہیں گے ، عوام کی زندگیاں خطرے میں رہیں گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے اپنے بیان میں کہاکہ ہماری ساکھ متاثر کرنے کیلئے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ، اگر سنگجانی بھی جاتے تو بھی پوری لیڈرشپ کو کنٹینر پر نہ بلاتے ،بانی پی ٹی آئی نے خودکہاکہ بشریٰ بی بی کا سیاست میں کوئی کردار نہیں، وہ اپنی منشا سے تحریک میں شامل ہوئیں، ہم نے ہلاکتوں کے حوالے سے غلط اعداد و شمار نہیں دئیے ، احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 12 بتائی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں