139پی ٹی آئی کارکنوں کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیاگیا

139پی ٹی آئی کارکنوں کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیاگیا

اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،خبرنگار ،عدالتی رپورٹر)انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج پر درج مقدمات میں 139 کارکنوں کاپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرتے ہوئے دوخواتین کارکنوں کو جوڈیشل کردیا اور دوسرے مقدمہ میں گرفتار17 کارکنوں کے جسمانی ریمانڈ میں چار روزہ توسیع کردی۔

جبکہ تھانہ کھنہ میں گرفتار8 کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوادیا۔گزشتہ روز سماعت کے دوران وفاقی پولیس نے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ میں گرفتار دو خواتین اور 139 مردکارکنوں سمیت 141پی ٹی آئی کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا،پراسیکیوٹر راجہ نوید نے ملزموں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔دوران سماعت گرفتار خواتین کارکنوں نے عدالت کو بتایاکہ 24 تاریخ سے گرفتار کیا ہے کھانا پینا بھی نہیں دیتے ، عدالت نے دونوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ،عدالت نے پی ٹی آئی کے 139ورکرز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیااور بعد ازاں عدالت نے تمام139 کارکنوں کوپانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کرنے کا حکم سنادیا۔ تھانہ سیکرٹریٹ میں ہی درج دوسرے مقدمہ میں گرفتار17 کارکنوں کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈمیں چار روز کی توسیع کرنے کا حکم سنادیا گیا۔ تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ میں گرفتار 8 کارکنوں کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجواتے ہوئے 10دسمبر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیاگیا۔راولپنڈی کی انسداددہشتگردی عدالت نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پرپی ٹی آئی رہنما شبلی فراز،وکلاء لطیف کھوسہ اور دیگر کی عبوری ضمانت میں2دسمبرتک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ نے تحریک انصاف کے 24 نومبر کے پرتشدد احتجاج کے مقدمہ میں گرفتار کرنل (ر) اجمل صابر سمیت 19 ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا ۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس ،عسکری ٹاور حملہ سمیت دیگر مقدمات میں حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کردی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں