قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی سمیت 2بلز منظور

 قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی سمیت 2بلز منظور

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2024اور نیپون ادارہ برائے جدید علوم بل کثرت رائے سے منظور کر لیے جبکہ 5بلز سپیکر نے متعلقہ کمیٹیوں کو بھجوا دیئے ۔آسیہ ناز تنولی نے حکومت کی مخالفت کے بعد اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے معائنہ کا بل 2024 واپس لے لیا۔

 وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ آئین کے مطابق ہر بچے کی پرائیویسی اس کا حق ہے ۔ اگر لائنوں میں کھڑے کر کے تمام بچوں کے منشیات کے ٹیسٹ کرائے جائیں گے تو اس سے کوئی اچھا پیغا م نہیں جائیگا۔ آئین بنیادی حقوق دیتا ہے ۔ یہ دیکھناچاہیے کہ یہ قانون آئین کے بنیادی حقوق کے خلاف تو نہیں ۔ آئی سی ٹی کی تعلیمی پالیسی میں متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے مکمل اختیار حاصل ہے ۔ متعلقہ رکن یہ بل واپس لے لیں جس پر انہوں نے بل واپس لے لیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ملازمین ترمیمی بل 2024 کے تحت گریڈ 15 تک میرٹ پر سلیکشن کمیٹی جبکہ گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کی بھرتی فیڈرل پبلک سروس کمیشن کرے گا جبکہ عملے کی تعداد اراکین کے تناسب کے تحت ہو گی تاہم اگر کسی وجہ سے طویل عرصہ تک وہ یہ تعیناتیاں نہیں کر سکتا تو پھر یہ بھرتیاں ڈیپارٹمنٹل کمیٹی کرے گی، اس کے علاوہ اس بل کے تحت اراکین کے تناسب کے مطابق عملہ تعینات ہو گا، ڈیپوٹیشن ایک پالیسی کے تحت ہو گی جس میں پسند اور ناپسند نہیں ہو گی۔بعد ا زاں نوید قمر نے بل زیر غور لانے کی تحریک پیش کی ۔ ڈپٹی سپیکرنے اس کی شق وار منظوری لی ۔زہرا ودود فاطمی نے نیپون ادارہ برائے جدید علوم بل پیش کیا جوایوان نے منظور کرلیا۔ 

قومی اسمبلی میں ماحولیاتی جوابدہی کے بل بھی پیش کئے گئے ۔ رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے ریگولر کئے گئے سول سرونٹس اور ملازمین کے حقوق کا تحفظ بل پیش کیا،اعظم نذیر تارڑ نے بل کو قانون و انصاف کمیٹی کے سپرد کرنے کی تجویز دی،سپیکر نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا ،حنیف عباسی نے ویسٹ منسٹر یونیورسٹی برائے جدید علوم و ٹیکنالوجیز اسلام آباد بل پیش کیا،سپیکر نے کہا کہ صدر نے اسی طرح کے 12 بل واپس کئے ہوئے ہیں ،بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا،نوشین افتخار نے مجموعہ ضابطہ فوجداری ترمیمی بل پیش کیا،اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ کئی قوانین پہلے سے موجود ہیں، اگر اراکین بل پیش کرنے سے پہلے رائے لے لیا کریں تو بہتری آئے گی،بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے ایوان کو بتایا کہ نرسنگ کونسل کی جانب سے صحت کے اداروں کو نئے داخلوں کی اجازت دینے کا معاملہ جلد حل کر لیاجائیگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں