چہرے نہیں نظام بدلنے کیلئے جدوجہدکرناہوگی:حافظ نعیم

چہرے نہیں نظام بدلنے کیلئے جدوجہدکرناہوگی:حافظ نعیم

ملاکنڈ (نمائندہ دنیا ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الر حمن نے دارالعلوم تعلیم القرآن سخاکوٹ میں ختم بخاری شریف اور دستار بندی کے سلسلے میں منعقدہ بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ملک میں 65فیصد نوجوانوں کی ہے لیکن آج تک کسی نے ان کے روشن مستقبل کے لئے کچھ نہیں کیا۔

 جس کی وجہ سے بے روزگاری اور مہنگائی سے تنگ نوجوان نسل بے راہ روی اور منشیات جیسی لعنت کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ 29 دسمبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان احتجاج کا مقصد ملک کو مہنگائی ، بے روزگاری اور بد امنی کے دلدل سے نکالنا ہے ، بے روزگاری اور مہنگائی کے اس دور اور نظام میں شریفوں کے لئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ، حافظ نعیم نے کہا کہ چہرے بدلنے سے ملکی حالات نہیں ٹھیک ہونگے بلکہ سب کو مل کر نظام بدلنے کے لئے جدوجہد کر نا ہو گی ،منظم سازش کے تحت مسلمانوں اور بالخصوص نئی نسل کو دینی علوم اور اسلام سے دور کیا جارہا ہے اس لئے ایسے حالات میں دینی مدارس اور طلبہ کا کردار مذید اہم اور بڑھ جاتا ہے ۔حافظ نعیم نے ختم بخاری شریف مکمل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارک دی اور کہا کہ اس کے بعد ان طلبہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں اب انہیں گھر گھر محلے محلے اور شہرشہر جا کر دین اسلام کی بات کرنا ہوگی ۔اس موقع پر ختم بخاری مکمل کرنے کے لئے طلبا کی دستاربندی جبکہ طالبات کی چادر پوشی بھی کی گئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں