بلوچستان :درجہ حرارت منفی 10 کوئٹہ میں پانی جم گیا
لاہور،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک ، جنرل رپورٹر) بلوچستان میں شدید سردی کے باعث کوئٹہ میں سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا جبکہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک سے بادل برسانے والا سسٹم چلا گیا ہے تاہم ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہے گی ۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی6، قلات منفی 4 ،چمن منفی ایک، سبی 3، گوادر،تربت 10 اورجیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم صبح اور رات کوشدید سرد رہے گا ۔ کوئٹہ میں صبح سویرے پھسلن کے واقعات میں متعدد موٹر سائیکل و سائیکل سوار گر کر زخمی ہو گئے ۔ محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم صبح/رات کو پنجاب کے چند میدانی علاقوں میں چند مقامات پر سموگ/دھند چھائے رہنے کی توقع ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ،بعض مقامات پرہلکی دھند/سموگ چھائی رہی۔