پختو نخوا سینیٹ انتخابات:کھلی چھوٹ نہیں ،الیکشن کمیشن جواب دے :پشاورہائیکورٹ
پشاور(آئی این پی)پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات منعقد نہ کرانے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ایسی کھلی چھوٹ بھی نہیں دے سکتے ۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہ کرانے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے 10 دسمبر کو اجلاس ہوا، ابھی تک اس پر مشاورت جاری ہے ، مخصوص نشستوں کی نظر ثانی پٹیشن سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے ، اس کو بھی دیکھ رہے ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ہم آپ کو دو ہفتے کا وقت دیتے ہیں جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ ٹائم تھوڑا زیادہ کریں اس پر تھوڑا وقت لگے گا۔عدالت نے کہا آپ بتائیں کونسی تاریخ دیں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس کیس کو زیرالتوا رکھیں ہم جواب جمع کرا دیں گے ، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ایسی کھلی چھوٹ بھی نہیں دے سکتے ۔بعدازاں عدالت نے 16 جنوری تک الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔