ضمانتوں میں توسیع،عمر ایوب پیش نہ ہونے پر عدالت برہم
لاہور(عدالتی رپورٹر،کورٹ رپورٹر،اے پی پی )انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب ،علیمہ خان ،فواد چودھری سمیت 104ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی ،عمر ایوب کی عدم پیشی پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ضمانتوں پر فیصلہ کردیں گے ۔
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں پی ٹی آئی کے موجودہ اور سابق رہنماؤں کی نو مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی ۔ فواد چودھری ،اسد عمر ،مسرت جمشید ،شیخ امتیاز عدالت پیش ہوئے جبکہ اعظم سواتی اور شاہ محمود قریشی کے جیل سے وارنٹ پیش کیے گئے اور بتایا گیا کہ ملزم مختلف مقدمات میں جیل میں مقید ہیں ۔بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی جس میں بتایا گیا کہ دونوں بہنیں اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے گئی ہیں۔ ادھر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب بھی عدالت پیش نہ ہوئے اور حاضری معافی کی درخواست دائر کی، جج اے ٹی سی منظر علی گل نے کہا ملزم گزشتہ 6 پیشیوں سے غیر حاضر ہے ، وکیل نے بتایا کہ ملزم اپوزیشن لیڈر ہے اور اسمبلی میں مختلف بل پیش ہونے ہیں جس بنا پر ملزم پیش نہیں ہوسکتا ،تاہم آئندہ سماعت پر ہرصورت عدالت میں پیش ہونگے ۔ عدالت نے عمر ایوب کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور ملزموں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی، عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں یکم فروری ،فواد چودھری اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 12 فروری تک توسیع کردی ۔