واسا میٹرز کیلئے کیوں اقدامات نہیں کررہا:لاہور ہائیکورٹ

واسا میٹرز کیلئے کیوں اقدامات نہیں کررہا:لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں سموگ سے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گلی محلے میں قائم اور چار ہزار روپے سے کم فیس والے سکولز کو بسیں فراہم کرنے سے استثنیٰ دینے جارہے ہیں۔

 بسوں سے متعلق جو سکول خلاف ورزی کرے گا اسکو پچاس ہزار جرمانہ کیا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی سموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں پر  سماعت کی۔ جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا کہ واسا واٹر میٹرز کے حوالے سے کیوں اقدامات نہیں کررہا۔ فوری طور پر سروس سٹیشنز اور ہوٹلز وغیرہ پر واسا میٹر لگائے ۔ وکیل ایل ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ ملتان روڈ پر ٹریفک کا باعث بننے والے یوٹرنز کو بند کیا ہے ۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ حکومت ٹریفک کے معاملے پر کافی سنجیدہ نظر آرہی ہے ۔ پانچ منٹ ٹریفک جام رہنے سے گاڑیوں کے دھوئیں سے آلودگی بڑھتی ہے ۔ ڈی جی ایل ڈی اے اس حوالے سے کافی کام کررہے ہیں ، جو قابل ستائش ہے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں