دوسروں کو چورکہنے والے پر کرپشن ثابت:مریم اورنگزیب
لاہور(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دوسروں کو چورکہنے والے پر کرپشن ثابت ہو گئی، عمران خان نے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی۔ ما ڈل ٹاؤن میں پر یس کا نفرنس میں انکا کہنا تھا کہ 190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ عدالت نے کیا۔
ن لیگ نے نہیں، فیصلے میں کوئی ابہام نہیں، بانی پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہیں، دوسروں کیلئے گڑھا کھودنے والاخود اس میں گر گیا۔بانی پی ٹی آئی نے خوداین سی اے کو خط لکھاجس پر اس نے تحقیقات کیں، دوسروں کی کردار کشی کرنیوالے نے سب سے بڑی کرپشن کی، عمران خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، سب سے بڑے چور ثابت ہو گئے ، یہ اوپن اینڈ شٹ کیس ہے ، انہیں چاہیے اپیل میں نہ جائیں۔ نوازشریف پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا، تمام تر کوششوں کے باوجود ان پر کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے کہا 190 ملین پاؤنڈ کے سرٹیفائیڈ چور ثابت ہونے پرتحریک فساد بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ فیصلے نے بانی پی ٹی آئی کے صادق اور امین ہونے کے پرخچے اڑا دیئے ہیں، یہ کیس پاکستان کی سب سے بڑی چوری ہے ، فرح گوگی اور شہزاد اکبر نے ڈیل کو انجام تک پہنچایا۔ عمران خان نے بشریٰ بی بی کیساتھ ملکر اربوں کا ڈاکا ڈالا اور فیصلہ آنے پر بے شرمی کی ہنسی ہنستے رہے ۔ پی ٹی آئی کا اپنی چوری کو مذہب کا رنگ دینا انتہائی شرمناک ہے ۔ برطانوی ایجنسی این سی اے نے پاکستان سے رابطہ کیا کہ آپکے پیسے واپس بھیجنے ہیں، حکومتی اکاؤنٹ کی بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کرواکر پیسوں کی بندر بانٹ کی گئی، کیس کا فیصلہ آنے پرشہزاد اکبر کو باہر جانے کی اجازت دینے پر سوال اٹھتا ہے ، این سی اے نے حسن اور حسین نواز کے اکاؤنٹس کو چھان بین کے بعد کلیئر قرار دیا۔عظمٰی بخاری نے کہا یہ اعلیٰ عدالتوں کے ترجمان بنتے ہیں،یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ انہیں اعلیٰ عدالتوں سے ریلیف ملے گا،ان کو یہ سب کون بتا رہا ہے اس پر تشویش ہے ،اعلیٰ عدالتوں کو اسکا نوٹس لینا چاہیے ۔ عمران خان ملک بھر میں یونیورسٹیاں بنوا سکتے تھے ،صرف القادریونیورسٹی بنوا کر فائدہ لینے کی کوشش کی ،انٹرنیشنل میڈیا بھی انہیں کرپٹ قرار دے رہا ہے ۔