قومی اسمبلی:پی ٹی آئی کا پھر ہنگامہ، واک آئوٹ، ایجنڈا پھاڑ دیا

قومی اسمبلی:پی ٹی آئی کا پھر ہنگامہ، واک آئوٹ، ایجنڈا پھاڑ دیا

اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کا اجلاس پی ٹی آئی کے احتجاج اور کورم کی نشاندہی کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت پچاس منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔

اجلاس کے آغاز میں سپیکر نے وقفہ سوالات شروع کیا تو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نکتہ اعتراض پر بات کرنے کے لئے فلور مانگا جس پر سپیکر نے کہا کہ میں فلور نہیں دونگا پہلے وقفہ سوال ہونے دیں پھر آپ کو بولنے کا موقع دونگا، یہ طے ہوا تھا کہ وقفہ سوالات اور پرائیویٹ ڈے پر نکتہ اعتراض پر بات نہیں کریں گے ، عوامی مسائل پر بات ہونے دیں۔ اسی دوران پی ٹی آئی کے ارکان نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج اور نعرے بازی شروع کر دی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں پھینکتے رہے ، اوواوو کی آوازیں۔پی ٹی آئی ارکان احتجاج کرتے ہوئے واک آئوٹ کر گئے ، پی ٹی آئی کے رکن محبوب علی نے کورم کی نشاندہی کر دی، سپیکر نے گنتی کروانے کی ہدایت کر دی۔ کورم پورا نہ نکلنے پر سپیکر نے کورم پورا ہونے تک اجلاس کی کارروائی ملتوی کر دی، بعد ازاں سپیکر کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا اور گنتی کی ہدایت کی، اسی دوران سپیکر نے اجلاس کی کارروائی آج دوپہر دوبجے تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں