پنجاب اسمبلی کو سی پی اے ایشیا ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت مل گئی

 پنجاب اسمبلی کو سی پی اے ایشیا ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت مل گئی

لاہور(سیاسی نمائندہ)پہلی مشترکہ کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (سی پی اے )ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا ریجنل کانفرنس لاہور میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ اس تاریخی اجلاس میں خطے کے پارلیمانی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔

پنجاب اسمبلی کو سی پی اے ایشیا ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت حاصل ہوگئی، جس کے تحت وہ اگلے تین سی پی سیز کے لیے اس کمیٹی میں شامل رہے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان کو سی پی اے ایشیا کا ریجنل سیکرٹریٹ قرار دے دیا گیااور قومی اسمبلی پاکستان کو سی پی اے ایشیا کے مستقل ہیڈکوارٹر زکے طور پر کام کرنے کا اختیار دے دیا گیا۔کانفرنس کے دوران سری لنکا نے قومی اسمبلی پاکستان کو 2 ملین انڈین روپے فنڈ زکی منتقلی پر اتفاق کیا۔ مزید برآں سی پی اے ایشیا کے آئین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے روٹیشن سسٹم کو تین سال کے بجائے تین سی پی سی سائیکل میں تبدیل کر دیا گیا۔پنجاب اسمبلی کی تجویز پر صوبائی رکنیت کی روٹیشن کے اصول باضابطہ طور پر منظور کر لیے گئے ۔ اسی طرح سی پی اے ایشیا ریجن میں مبصر حیثیت کے اصول طے پا گئے ، جس کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی اسمبلیوں کو مبصر کے طور پر شامل کر لیا گیا۔کانفرنس میں سی پی اے ایشیا ایگزیکٹو کمیٹی کے ورچوئل اجلاسوں کی منظوری دے دی گئی ۔ اس کے علاوہ، ریجنل فنڈ سبسکرپشن اسٹرکچر کی توثیق کرتے ہوئے قومی اسمبلیوں کے لیے 5,000 اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 2,000ڈالرسالانہ فیس مقرر کر دی گئی۔ تاہم، یہ فیصلہ بنگلہ دیش کی توثیق سے مشروط ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں