توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری سے جواب طلب
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے توہین عدالت کی درخواست پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان سے 14مارچ جواب طلب کرلیا، اسسٹنٹ پروفیسر ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن منزہ خاتون نے موقف اپنایا درخواست گزار ایسوسی ایٹ کالج گلشن راوی میں اسسٹنٹ پروفیسر تھی ،
مس کنڈکٹ کے تحت نوکری سے نکال دیا گیا ،عدالت نے اسکی بحالی کی اپیل دادرسی کیلئے چیف سیکرٹری کو بھجوا ئی ،عدالت کے 15دسمبر 2023کے فیصلے کی روشنی میں اپیل پر فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ادھر جسٹس شاہد کریم نے علی زیب روڈ پر نجی سکول کو اجازت دینے کے خلاف دائر درخواست پر ایل ڈی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا علی زیب روڈ پر ٹریفک کا بہاؤ انتہائی زیادہ ہے ۔جسٹس انوار حسین نے پی ٹی وی میں غیر قانونی بھرتیوں کے تنازع پر لاہور ہائیکورٹ کا حکم تسلیم نہ کرنے پر ایم ڈی پی ٹی وی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ایم ڈی پی ٹی وی سے رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی کی جائیداد کی ملکیت کے تنازع کیس پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی ۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے ایم ڈی کیٹ میں اوورسیز پاکستانیز طلبا کے کوٹے پر SAT2 کو شامل کرنے کیخلاف درخواست وائس چانسلر یو ایچ ایس کو بھجوا تے ہوئے 15روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس شاہد کریم نے محکمہ معدنیات کی جانب سے ٹھیکہ کالعدم قرار دے کر سکیورٹی کی رقم ضبط کرنے کے خلاف درخواست جسٹس ساجد محمود سیٹھی کے روبرو مقرر کرنیکی سفارش کردی ۔