17اضلاع کے بیو ٹیفکیشن منصوبے منظور،کام مقررہ وقت پر مکمل کریں:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرصدارت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے اجلاس کا تیسرا سیشن گزشتہ روز ہوا۔ مریم نواز نے 17اضلاع میں بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹس کی منظوری دے دی اوراضلاع کو بیوٹی فکیشن اور بہتر ی کے لئے فنڈز فراہم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ کواضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے حافظ آباد، راولپنڈی اور نارووال کے ڈپٹی کمشنرز کو اعزازیہ دینے کا اعلان کیا اورالیکٹرک بسوں کے چارجنگ سٹیشن بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام بڑے شہروں کو1100 الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے پوسٹر بینرز اور پینا فلیکس پر پابندی ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا اور تمام شہروں کی روڈزپر لین مارکنگ کی ہدایت کی جبکہ صوبہ بھر میں سٹینڈرڈ ڈیزائن کے مطابق غلہ منڈی،فروٹ اور سبزی منڈیاں بنانے کی ہدایت کیساتھ ساتھ پنجاب بھر میں روٹی کی یکساں سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مریم نواز نے صوبہ بھر میں بلڈنگ بائی لازکے مطابق عمارتوں کی تعمیر یقینی بنانے کابھی حکم دیا اورزیر تعمیر عمارتوں کا بلڈنگ مٹیریل روڈز پر پھیلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈسٹرکٹ میں پراجیکٹ مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنرز ہسپتالوں کے ریگولر وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔بچوں کے تحفظ کیلئے سکول وینز کی انسپکشن جاری رکھی جائے ،مین ہول کی صفائی کے لئے سیور مین کو حفاظتی لباس کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔
لاہور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں نہروں اور نالوں کی صفائی یقینی بنائی جائے ،عیدالاضحی پر ایس او پیز کے مطابق کیٹل مارکیٹ لگائی جائیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،کمالیہ،اٹک ،گوردوارہ سری پنجہ صاحب ،خوشاب ،قائد آباد ،چکوال،تلہ گنگ ، وہاڑی ،منڈی بہاء الدین ، گجرات،حافظ آباد ،بھکر ،جہلم ، مظفرگڑھ ،میانوالی،چنیوٹ ،لیہ ،اوکاڑہ اورراجن پور میں تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیاجا رہاہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والی سیاسی مشیر زوئی ویئر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں برطانیہ کے مثبت اور مدبرانہ کردار کو سراہا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون، تعلیم،سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ اور گورننس میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب برطانیہ کے ساتھ اشتراک کار کو مزید وسعت دینے اور تعاون کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔17 لاکھ پر مشتمل برٹش پاکستانی برادری کی بڑی تعداد کا تعلق پنجاب سے ہونا باہمی پائیدار رشتے کی عملی مثال ہے ۔